مرکزی جماعت اہلسنت کی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے مہمانوں کی آمد جاری

September 29, 2016

برمنگھم (پ ر) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے زیر اہتمام2اکتوبر بروز اتوار ایک بجے دن مرکزی جامع مسجد غوثیہ والتھم سٹو لندن میں ہونے والی عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کے لئے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ برطانیہ بھر کے ممتاز علمائے کرام نے اس عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کے لئے اجلاسوں کے انعقاد کے علاوہ باہمی رابطے کر رہے ہیں تاکہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور تحفظ ناموس رسالت کی ملک گیر تحریک کو مضبوط اور مربوط بنا کر منکرین ختم نبوت کے باطل عقائد و نظریات کو ناکام بنا کر نبی پاکﷺکے عشق و محبت کے پاکیزہ مشن کو نوجوان نسل تک پہنچا کر اپنی مذہبی اور ملی ذمہ داریوں سے عہدہ براہ ہوں۔ خصوصی شرکت کرنے والے صاحبزادہ پیر سید بلال حسین چشتی، سجادہ نشین سلطان الہند غریب نوازؒ اجمیر شریف نے برمنگھم میں علمائے کرام کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام کی بنیاد اور اساس عقیدۂختم نبوت پر ہے قرآن و حدیث میں اس کی اہمیت و عظمت واضح طور پر بیان کر دی گئی ہے۔ اب اس سچے عقیدے کی نشر و اشاعت اور اس کی حفاظت پر مسلمان کی مذہبی ذمہ داری بنتی ہے اور یہی اسلامی غیرت و حمیت کا تقاضا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی اور مرکزی جماعت اہلسنت کے تمام قائدین اور اراکین مبارک باد کے مستحق ہیں جو برطانیہ و یورپ میں تحفظ ناموس رسالت کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں اور انشاءاللہ ان علمائے ربانین کی کوششیں باآور ثابت ہوں گی۔ یہ کانفرنس نہ صرف اتحاد ملت کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی بلکہ شوکت اسلام کی مظہر بھی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جملہ عاشقان رسول اور بالخصوص خواجہ غریب سلطان الہندؒ کے متوالوں کو اس کانفرنس میں بھرپور طریقے سے شمولیت کرکے اپنے کریم آقا مسلم سے محبت و عقیدت کا اظہار کرنا چاہئے۔ مرکزی جامع مسجد غوثیہ آسٹن برمنگھم کے خطیب علامہ محمد فاروق چشتی نے کہا کہ نبی کریم سرور کائنات اللہ تعالیٰ کے آخر نبی اور رسول ہیں۔ آپ خاتم النبیین بھی ہیں۔ سیدالمرسلین اور رحمت الللعالمین بھی ہیں۔ آپ کا لایا ہوا پیغام رحمت جو قرآن کی صورت میں موجود ہے اور آپ کی سنتوں اور احادیث مبارکہ کا مجموعہ قیامت تک آنے والی نسل انسانی کی فلاح و بقا اور ہدایت اور رہنمائی کے لئے کافی و شافی ہے۔ یہ کانفرنس اسی پیغام امن و محبت کو عام کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت کی چالیس سالہ عملی جدوجہد یورپ میں اسلامی تاریخ کا قابلِفخر اور درخشندہ باب بن کر رہے گی۔ برمنگھم کے ممتاز عالم دین علامہ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت جو قرآن و حدیث آثار صحابہ کرام اور اجماع امت سے ثابت ہے اور گزشتہ سال سے پوری ملت اسلامیہ اس سچے عقیدہ پر قائم ہے اور چند منکرین ختم نبوت اسلامی تعلیمات کے خلاف اپنے غلط اور جھوٹ پر مبنی نظریات و عقائد کو پھیلا کر گمراہی پھیلانا چاہتے ہیں مگر جب تک علماءحق جو حق و صداقت کے عَلَم کو بلند کئے ہوئے ہیں زندہ ہیں منکرین ختم نبوت کی کوئی چال کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ مرکزی جماعت اہلسنت کی مجلس شوریٰ کے رکن اور ممتاز عالم دین علامہ نذیر احمدمہروینے کہا کہ اللہ نے ہمارے پیارے نبی اور اپنے پیارے حبیبﷺکو ساری کائنات کے لئے سراپا رحمت بنا کر بھیجا ہے اور آپ اللہ کے آخری نبی اور رسول ہیں اور آپ پر نازل ہونے والی کتاب ساری آسمانی کتابوں کی سردار اور آخری کتاب ہے جس نے واضح پیغام دیا ہے کہ آپ خاتم النبیین ہیں۔ انشاءاللہ یہ کانفرنس اتحاد و یکجہتی کی عملی تصویر ہوگی۔ نوجوان اسلام سکالر صاحبزادہ شیخ محمد عمران ابدالی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کریمﷺپر سلسلۂ نبوت مکمل کر دیا ہے اور آپ کی آمد سے قصر نبوت مکمل ہوگیا ہے۔ اب کسی نبی کی ضرورت نہیں آپ کی آمد کے بعد جو بھی نبوت کا دعویٰ کرے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے یہ کانفرنس نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کا زینہ بنے گی۔