بیرونی آقائوں کی خوشنودی کیلئے ہمیشہ علماء اور مدارس کو نشانہ بنایا گیا، جمعیت علماء اسلام

September 30, 2016

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) حکمرانوں نے ہمیشہ بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے علماء اور مدارس کو نشانہ بنایا۔ چھاپے اور حبس بے جا میں رکھنا آئین پاکستان سے کھلم کھلا انحراف ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ پنجاب کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدارت صوبائی امیر مولانا مفتی حبیب الرحمٰن نے کی جبکہ مرکزی سرپرست حضرت مولانا پیرسیف الرحمٰن درخواستی، مرکزی نائب امیر مولانا بشیر احمد شاد، مولانا عبدالکریم نعمانی اور ترجمان جمعیت مہمان خصوصی تھے۔ مفتی خالد محمود اظہر نے سابقہ اجلاس کی کارروائی پیش کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے پورے صوبہ میں عشرہ عمر فاروقؓ منایا جائیگا۔ اجلاس میں ہندوستان کی جارحانہ اور تشدد پسندانہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلح افواج کو یقین دلایا گیا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف تمام کارکن اُنکے شانہ بشانہ ہونگے۔