وفاقی کابینہ کےاجلاس کی اندرونی کہانی

September 30, 2016

وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کےاجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں اس کی جانب سے کی جانے والی بربریت پر کھل کر جذبات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اڑی واقعہ پاکستان کی طرف سے نہیں ہوا،بھارت کا اڑی واقعے کا الزام فوری پاکستان پر لگانا سراسر ناقابل فہم ہے۔

وزیر اعظم نے یہ کہا کہ اڑی واقعہ کی ابتدائی تحقیقات ہونا ضروری تھا،ممکن نہیں بھارت چندگھنٹوں میں اخذ کر لے حملہ سرحد پار سے ہوا۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ بے معنی ہے، بھارت نے بہتر تعلقات کی بنتی فضا کو خود خراب کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نےسرجیکل اسڑائیک کا دعویٰ اندرونی عوامی دباؤ پر کیا،سرجیکل اسٹرائیک پاکستان بھی کرسکتا ہے، ہمارے پاس یہ صلاحیت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نےیہ دعویٰ اس لیے کیا کہ بھارتی عوام کو مطمئن کر سکے، بھارت اب اندورنی اور بیرونی دباؤ برداشت نہیں کر پا رہا۔