بھارت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم متحد ہے، فضل الرحمان

September 30, 2016

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ بھارت پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم متحد ہے، مہمان کی جتنی خاطر مدارت کریں، اگر تھپڑ مار کر نکالیں گے تو وہ تھپڑیاد رکھے گا۔

مولانافضل الرحمان نے چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان افغان بچوں کا کیا قصور ہے جو یہاں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کی رہنمائی کے لیے تمام علماء کو متحد ہونا ہوگا، آزادی انسان کا پیدائشی حق ہے ، اسلام کی پہلی ترجیح انسان کی آزادی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کو بتانے کیلئے قوم کو ایک نیا عزم لے کر اٹھنا ہوگا،پہلے بھی غلامی کا انکار کیا تھا اب بھی غلامی کا انکار کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے افغانستان میں آگ برسائی اور ملک تباہ کر دیا، اس نے عراق میں غلط اطلاع پر داخل ہوکر تباہی مچائی۔