یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی، اقوام متحدہ سرگرم

September 30, 2016

یمن میں حوثی باغیوں اور سابق مںحرف صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں اور شہری آبادی پر گولا باری جاری ہے۔

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحادی فوج نے بھی یمن کے مختلف شہروں میں قابض حوثی اور علی صالح کے ساتھ شامل باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن بحران کے حل کے لیے ایک بار پھر بات چیت بحال کرنے کی کوششیں شروع کی ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد عمان کے دارالحکومت مسقط میں حوثی اور علی صالح کے نمائندہ وفد سے بات چیت کی تیاری کررہے ہیں۔ یمنی باغیوں کے نمائندوں سے ہونے والی بات چیت میں فریقین میں امن مذاکرات کی بحالی اور باغیوں کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اقوام متحدہ کے امن مندوب یمنی باغیوں سے رابطے کے لیے سرگرم ہیں تاکہ انہیں 72 گھنٹے کے لیے جنگ بندی پر آمادہ کیا جاسکے۔یمنی باغیوں کی طرف سے نہ صرف یمن کے شہروں پر گولہ باری جاری ہے بلکہ سرحد پار سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے بھی جاری ہیں۔

امریکا، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ امارات کے وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے بیانات میں یمن میں بات چیت کو ایک اور موقع پر دینے سے اتفاق کیاہے۔