اماراتی بحری جہاز پرحوثیوں کا حملہ، امریکا کی مذمت

October 03, 2016

امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں یمن کی بندرگاہ باب المندب میں متحدہ عرب امارات کے ایک بحری جہاز پر حوثی باغیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک باب المندب بندرگاہ پر اماراتی بحری جہاز پر حوثیوں کے حملے کو سنجیدگی سے دیکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا باب المندب سے تمام جہازوں کی بہ حفاظت اور پرامن آمد ورفت کا پابند ہے اور کسی کو وہاں سے گذرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

جان کربی نے یمنی باغیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بحری جہازوں اور امدادی قافلوں پر حملوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں۔ادھر سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب اتحاد نے بھی خبردار کیا ہے کہ حوثی باغی اور علی صالح ملیشیا کے جنگجو باب المندب میں عالمی جہاز رانی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

عرب اتحاد کی جانب سے یہ انتباہ اس وقت کیا گیا جب یمنی باغیوں نے جنگ سے زخمیوں کو لے جانے اور امدادی سامان لے کر آنے والے اماراتی جہاز پر حملہ کرکے اسے نقصان پہنچایا تھا۔