مسلمانوں میں رشتہ اخوت بحال کرنے کی ضرورت ہے، ہارون عباس الازہری

October 21, 2016

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) نفرتوں اور تفرقوں کے بت توڑ کر امن محبت کا علم لے کر اسلام کی سربلندی کے لئے تمام مسلمانوں کو ایک ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ ہارون عباس الازہری نے بولٹن میں اسلامک سینٹر کی افتتاحی تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں برطانیہ بھر سے علمائے کرام دیگر افراد نے شرکت کی۔ خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ ہارون عباس الازہری نے کہا کہ حضور سرور کونین ﷺ نے مدینہ آمد کے موقع پر سب سے پہلے مسجد قائم کی۔ مسلمانوں کے درمیان مواخاتِ مدینہ قائم کیا اور غیر مسلموں کے ساتھ امن معاہدہ کیا جو میثاق مدینہ کے نام سے شہرہ آفاق ہوا۔ آقا ﷺ کے یہی وہ تین اہم بنیادی کام تھے جس کی بدولت حضور اکرمﷺ کی قیادت میں اسلامی معاشرہ معرض وجود میں آیا جو پوری دنیا بلکہ قیامت تک مشعل راہ بن گیا۔ انہوںنے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمانوں میں رشتہ اخوت و محبت کو بحال کرکے اتحاد امن و باہم محبت کے پرچم کو بلند کیا جائے اور متحد ہوکر دین اسلام کے غلبہ حق کی بحالی کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ اس موقع پر مفتی ایوب اشرفی نے کہا کہ مساجد کی باگ دوڑ دیکھ بھال کرنے کی ذمہ داری دین متین کی سوجھ بوجھ اور اہل علم کے ہاتھ میں ہونی چاہئے علامہ اسماعیل نے کہا کہ مسجد بنانا تو آسان ان مساجد کو آباد کرنے مساجد کو نمازیوںکے ساتھ آبد رکھنا مشکل کام ہے تاہم ہمیں کوششیں کرنی ضروری ہیں۔ اسلامک سینٹر کے منتظمین عبدالرزاق، محمد موسیٰ، پٹیل صاحب، محمد اسماعیل، محمد احمد کا کہنا تھا کہ اس اسلامک سینٹر کے قیام کا مقصد فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر امن محبت اتحاد اور قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرکے تمام مسلمانوںکی باہم قربت کو فرو دینا ہے۔ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور اختتام پر اتحاد امت مسلمہ اورعالمی امن کے لئے دعا کی گئی۔