چوہنگ ،درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر 5 افراد گرفتار

October 21, 2016

لاہور(خصوصی نمائندہ،آئی این پی)چوہنگ کے عقب میں ہزاروں درختوں کی کٹائی اور ریت اور مٹی کھود کر علاقے کودلدل کی شکل دینے پر وزیراعلیٰ کےنوٹس کے بعد بننے والی کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کے حکم پر شیخوپورہ کی ضلعی انتظامیہ نے چوہنگ میں چھاپہ مار کر درختوں کی کٹائی میں مصروف 5 ملزموں کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ ملزمان کے خلاف درخت چوری کرنے کا مقدمہ نہیں بلکہ زبردستی دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالنے کا مقدمہ درج کیا جائے کیونکہ ان کے غیر قانونی فعل کی وجہ سے پورے علاقے کے ماحولیاتی سسٹم پر نہایت برے ا ثرات مرتب ہو ئے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق حکومت نے کنٹریکٹر کو چوہنگ میں 1100 ایکڑ زمین معدنیات نکالنے کیلئے دی تھی لیکن کنٹریکٹرز نے 36 سو ایکڑ اراضی سے جنگل کاٹ لیا اور زمین سے معدنیات، مٹی نکال کر فرار ہوگئے۔ وزیراعلی نے پنجاب نے ہدایت کی کہ اس معاملے پر جلد ازجلد انکوائری کی جائے تاکہ واقعہ پولیس رپورٹ کرکے نیب کے حوالے کیا جائے۔