داؤد یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ آج ہوں گے

October 22, 2016

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سال برائے 2016-17ء کیلئے داخلہ ٹیسٹ ہفتہ 22 اکتوبر 2016ء کو بیک وقت چار شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور روالپنڈی میں منعقد کئے جائیں گے۔ کراچی کیلئے ٹیسٹ سینٹر این ای ڈی یونیورسٹی ہے جبکہ حیدرآبادمیں لطیف آباد پبلک اسکول، سکھر میں پبلک اسکول ملٹری روڈ اور روالپنڈی میں فیوچر ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن ٹیسٹ سینٹر مقرر کئے گئے ہیں۔ داخلہ ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے لئے جائیں گے جس کا اصول نیگیٹو مارکنگ ہوگا اور چار غلط جوابات کی صورت میں ایک نمبر منہا کرلیا جائے گا۔ ٹیسٹ کا آغاز دوپہر ڈھائی بجے ہوگا تاہم طلباء کو 2 بجے داخلہ سینٹرز میں رپورٹ کرنا ہوگا۔ جامعہ کے رجسٹرار کیپٹن (ر) سید وقار حسین شاہ کا کہنا ہے کہ جن طلباء کو داخلہ ٹیسٹ کیلئے اہل قرار دیا گیا ہے انہیں ایڈمٹ کارڈز روانہ کردیئے گئے اور این ٹی ایس کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں جبکہ تمام امیدواروں کو موبائل ایس ایم ایس بھی بھیجے گئے ہیں۔ تاہم اگر طلباء کو کسی قسم کی مشکلا ت کا سامنا ہو تو وہ وقت مقررہ سے پہلے ٹیسٹ سینٹرز پر اپنے اصل شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے ساتھ تشریف لا کر این ٹی ایس حکام سے اپنے ایڈمٹ کارڈ بنوا سکتے ہیں۔