مسلم لیگ جرمنی کے رہنما چوہدری شفیق پر حملے کی مذمت

October 22, 2016

فرینکفرٹ(سید اقبال حیدر)پاکستان جرمن پریس کلب فرینکفرٹ کے آفس میں جرمنی میں مقیم پاکستانی کیمونٹی کی ایک ہنگامی میٹنگ ہوئی جس میں جرمنی میں فعال مختلف سیاسی وفلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی،میٹنگ کا مقصد چند روز پہلے مسلم لیگ جرمنی کے چیئرمین چوہدری شفیق پر حملہ اورانھیں شدید زدوکوب کرنے والے افراد کے خلاف لائحہ عمل تیار کرنا تھا،میٹنگ میں پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے سجاد نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’’ گلوبٹ‘‘ پاکستان سے نکل کر کے اب اپنے پرتشد رویے سے یورپ کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ جرمنی کے چیرمین چوہدری شفیق پر حملہ کر کے انھیں شدید زودوکوب کیاگیا،چوہدری شفیق انتہائی شریف النفس انسان ہیں اور جرمنی میں پاکستانی کیمونٹی کیلئے ان کی بے پناہ خدمات ہیں،پاکستان جرمن ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری رفیق نے کہا یہ واقعہ پاکستان قونصلیٹ کے سامنے ہوا، قونصلیٹ جنرل جھگڑا ہوتا دیکھ کر باہر آئے مگر انھوں نے حملہ آوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی،قونصل جنرل آف پاکستان کاموقف ہے کہ انھوں نے بیچ بچائو کی کوشش کی مگر جب موقع پرپولیس آ گئی تو انھوں نے اس لئے واقعہ سے علیحدگی اختیار کی تاکہ ان پر دونوں دھڑوں کی طرف سے جانبداری کا الزام نہ لگایا جائے ۔کیمونٹی میٹنگ میں سجاد نقوی، سید خرم،راجہ امجد،وجیہہ الحسن جعفری،طفیل بٹ،چوہدری شفیق،شیخ منیر،چوہدری رفیق، قاضی پرویز اختر، سرفراز احمد راست مرزا،پرویز اختر،عاصم علی، نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ پانچ رکنی وفدقونصل جنرل آف پاکستان سے ملاقات کر کے انھیں اس واقعہ کے نتیجے میں کیمونٹی کے تحفظات سے آگاہ کرے گا،اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ جرمنی کے نائب صدر ، راجہ انجم چوہان نے واقعہ پر احتجاجاً اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان بھی کیا۔