پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے، جنرل راحیل شریف

October 23, 2016

لاہور میں پہلی انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں پاک فوج کے سربراہ نے خصوصی طور پر شرکت کی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے انعقاد سے تمام ممالک کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم ہے، آپریشن ضرب عضب سے پاکستان اور خطے میں استحکام آیا۔

پہلی پیسز انٹرنیشنل چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب لاہور میں ہوئی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف مہمان خصوصی تھے۔ لاہور میں ہونے والے اس ایونٹ میں پندرہ ممالک کے آرمی کے جوانوں نے شرکت کی ، اختتامی تقریب فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوئی جسے دیکھنے کے لیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے، اس موقع پر پاک آرمی کے جوانوں نے مختلف ڈرلز اور اسکلز کا مظاہرہ کیا، جنرل راحیل شریف نے جوانوں کوداد دی۔

اس کے علاوہ لاہور گیریژن اینڈ پولو کلب کے گھڑ سواروں نے نیزہ بازی کے کمالات بھی دکھائے، ڈھول کی تھاپ پر خوبصورت رقص کا بھی مظاہرہ کیا گیا، آرمی پبلک اسکول کے بچوں کے ساتھ معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے ملی نغمہ گایا۔ اس موقع پر جہانگیر خان، سہیل عباس، شعیب اختر اور پہلی بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی ایشیا اور پاکستان کی پہلی خاتون ثمینہ خالد بھی موجود تھیں۔