سپریم کورٹ کے جج جسٹس اقبال حمید الرحمٰن نے اپنے منصب سے استعفیٰ دیدیا

October 24, 2016

اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ کے جج جسٹس اقبال حمید الرحمن نے اپنے منصب سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ جسٹس اقبال حمید الرحمن نے اتوار کو اپنا استعفیٰ صدر ممنون حسین کو بھجوا دیا ہے۔ آئین پاکستان 1973ء کے آرٹیکل 206(1) کے تحت صدر مملکت کو بھجوائے گئے خط میں مستعفی ہونے کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری وقاص ملک نے عدالت عالیہ میں غیر قانونی بھرتیوں کیخلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جسٹس اقبال حمید الرحمن کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جن بھرتیوں کو کالعدم قرار دیا گیا ان میں سے زیادہ تر بھرتیاں جسٹس اقبال حمید الرحمن کی بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تعیناتی کے دوران ہوئی تھیں۔ وقاص ملک ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے موجودہ چیف جسٹس مسٹر جسٹس انور خان کاسی کیخلاف بھی اسی نوعیت کا ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کر رکھا ہے۔