ابوظہبی، یاسر کی ضرب کاری، پاکستان کا وکٹری مارچ جاری، دوسرے ٹیسٹ اور سیریز میںفتحیاب

October 26, 2016

ابوظہبی (جنگ نیوز) لیگ اسپنر یاسر شاہ نے میچ میں دس وکٹیں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں133رنز سے فتح دلوادی۔ ایک ایسی وکٹ پر جہاں گیند سلو اسپن ہورہی تھی۔ یاسر شاہ کی بولنگ کا جادو سر چڑھ کر بولا، کیریبین بیٹسمین اس بار بھی ان کی کاری ضربوں کی تاب نہ لاسکے۔ ان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت گرین کیپس کا وکٹری مارچ جاری رہا۔ لیگ اسپنر نے چھ ٹیسٹ میچوں کے بعد دوسری بار میچ میں دس وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم سولہ سال سے پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں ناکام رہی ہے۔2000 ایک صفر سے شکست دینے کے بعد ویسٹ انڈیز کو پاکستان نے دو سیریز میں شکست دی۔ جبکہ دو سیریز ایک ایک سے برا بر رہیں۔ اس طرح موجودہ سیریز میں پاکستان نے آٹھویں جیت اپنے نام سے درج کرائی اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں دو صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف ایک بار وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔1997میں وسیم اکرم کی قیادت میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین صفر سے ہرایا تھا۔ اس وقت ویسٹ ا نڈیز کے کپتان کورٹنی والش تھے۔ اب مصباح الحق سیریز میں کلین سوئپ کے لئے فیورٹ ہیں۔ یاسر شاہ کو ان کی شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ ایوار ڈ دیا گیا۔منگل کو دوسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن شیخ زاید اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈین ٹیم میدان میں اتری تو اسے فتح کیلئے 285 رنز درکار تھے جبکہ پاکستان کو میچ اور سیریز اپنے نام کرنے کیلئے مزید چھ وکٹوں کی ضرورت تھی۔ کھانے کے وقفے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 322رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بے جا ن وکٹ پر یاسر شاہ نے39اوورز میں124رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے۔ لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر نے51رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ راحت علی اور محمد نواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ منگل کو کھیل کے آخری دن ویسٹ انڈیز نے چار وکٹ کے نقصان پر 117 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو راسٹن چیز اور جرمین بلیک ووڈ نے اسکور میں مزید 70 رنز کا اضافہ کیا۔ اس موقع پر چیز یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ جرمین بلیک وڈ پانچ رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور جب ویسٹ انڈیز کا اسکور 244 رنز پر پہنچا تو وہ یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ جیسن ہولڈر کو بھی یاسر نے 16 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو کیا اور یہ یاسر شاہ کی اس اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔ انھوں نے اپنی چھٹی وکٹ کمنز کو بولڈ کر کے لی جبکہ لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر نے پہلے ہوپ اور پھر دویندرا بشو کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈین اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ اس میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں یونس خان کی سنچری کی بدولت 452رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 224رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔228 رنز کی سبقت حاصل ہونے کے باوجود پاکستانی کپتان مصباح الحق نے فالو آن کے بجائے دوبارہ بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور دوسری اننگز 227 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ یاسر شاہ مین آف دی میچ قرار پائے۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 30 اکتوبر سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔