ہیومن اپیل کافلاحی مہم کیلئے ہینڈز آن لندن سے اشتراک

October 27, 2016

مانچسٹر(پ ر)چیرٹی تنظیم ہیومن اپیل نے Wrap-up Manchester کے نام سے ایک مہم کیلئے ہینڈز آن لندن سے اشتراک کیا ۔اس مہم کے ذریعہ لوگوں سے ان کےاستعمال شدہ گرم کپڑے جمع کر کے مستحق افراد میں تقسیم کئے جائیں گے۔دونوں تنظیموں نے اشتراک کا اعلان اقوام متحدہ کے غربت مٹائو کے عالمی دن کے موقع پرمنعقد ایک تقریب میں کیا۔ گرم کپڑے بے گھر افراد، پناہ گزینوں، بزرگوں اور خواتین کی پناہ گاہوں، بچوں کے مراکز اور دیگر رفاہی اداروں کی وساطت سے بانٹے جا ئیں گے۔ ہیومن اپیل نے مانچسٹر کے طو ل و عرض میں Safestore Self Storages کے فرا ہم کردہ 9مقامات پر ایسے مراکز قائم کئے ہیں جہاں مخیر حضرات اپنے استعمال شدہ گرم کپڑے جمع کرا سکتے ہیں۔ ہینڈز آن لندن اسی نوعیت کی ایک مہم Wrap Up, London کامیابی سے لندن میں گزشتہ چھ برس سے چلا رہی ہے اور اب ہیومن اپیل کے اشتراک سے مانچسٹر میں اس مہم کا آغاز کرے گی۔ ہیومن اپیل کے چیف ایگزیکٹو عثمان مقبول نے اس موقع پر کہا کہ ہیومن اپیل دنیا بھرکے نادار افراد کی مدد کرتی ہے۔ آنے والی سخت سردیاں ایسے لوگوں کے لئے کڑی آزمائش ہوں گی جن کے سر پر نہ چھت ہے اورنہ و ہ سرد موسم سے بچنے کے لئے گرم کپڑے خریدنے کی سکت رکھتے ہیں۔ایسے میں ہیومن اپیل انسانیت کے ناتے، مدد کا ہاتھ بڑھانا چاہے گی بلکہ ان کو اپنی محبت اور شفقت کی گرم جوشی سے ا س آزمائش میں ان کا ساتھ دے گی۔