سی پیک سے کاریک ممالک بھی فائدہ اٹھائیں گے، ترقی کا خواب حقیقت بنے گا، نواز شریف

October 27, 2016

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ علاقائی مما لک کی شراکت سے ترقی کا خواب حقیقت بنے گا ، کاریک وسط ایشیائی منڈیوں تک پہنچنے کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے، سی پیک سے کاریک ممالک بھی فائدہ اُٹھائیں گے، پاکستان نے اقتصادی استحکام حاصل کرلیا ، پاکستان غربت میں کمی لانے کیلئے علاقائی اتحاد کے ذریعے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، علاقائی ممالک آپس میں ٹرانسپورٹ ‘ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کرسکتے ہیں، رکن ممالک میں تعاون غربت کے خاتمے کیلئے اہم ثابت ہوگا، کاریک ممالک کی شراکت داری ترقی کے خواب کو حقیقت میں بدل دے گی۔ علاقائی اتحاد ‘ امن ‘ استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ’’کاریک ‘‘ کا فورم امید افزاء ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وسط ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون (کاریک) کے 15؍ ویں وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کاریک ایک اہم پروگرام ہے جو فزیکل نیٹ ورک ‘ بنیادی ڈھانچے‘ امن ‘ استحکام اور اقتصادی ترقی جیسے بڑے شعبوں میں علاقائی ممالک کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاریک رکن ممالک کے مابین تجارت کی سہولت پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے غربت میں کمی لانے کا اہم فورم ہے۔