سسٹم کو خطرہ ہوسکتا ہے، عمران کارکنوں کو آخری حد تک نہ لے جائیں، خورشیدشاہ

October 27, 2016

حیدرآباد‘اسلام آباد( بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملکی حالات سنگین ہیں‘2نومبر کے دھرنے سے جمہوری سسٹم کو خطرہ ہو سکتا ہے‘عمران خان کارکنوں کو آخری حدتک نہ لے جائیں ‘پیپلزپارٹی بڑے سانحات سے گزری ہے‘ ہم نے ملک میں بہت اتارچڑھاؤدیکھاہے مگرعمران خان نے ابھی کچھ نہیں دیکھا‘کارکنوں سے پہلے لیڈروں کو قربانیاں دینی پڑتی ہیں ‘وزیراعظم کو آرمی چیف کی تقرری 15دن قبل کردینی چاہئے تھی ‘کپتان کو معلوم نہیں میں ان کی سوچ اورخیال سے بہت آگے ہوں‘ نیب کے چیئرمین کا تقرر آئین اور قانون کے مطابق کیا گیا تھا‘ اس میں کسی کی ذاتی رائے کا مسئلہ نہیں تھا اس لئے عمران خان کی تنقید اور طعنہ زنی غلط ہے‘ حکومت نے ہمارے چارمیں سے تین مطالبات منظور کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم اپوزیشن کے پیش کردہ پاناما بل کے بارے میں غورکاوعدہ کیاہے۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی رہنماءسید نوید قمر کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے کیا‘خورشید شاہ نے کہا کہ میں امید کروں گا کہ عمران خان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے کارکنوں کو جانی نقصان سے بچائیں ‘موجودہ صورتحال میں سسٹم کو سیکورٹی خدشات بھی ہوسکتے ہیں۔