دنیا دہشت گردی کےخلاف متحد اور یکجا ہے، مطلوب انقلابی

October 28, 2016

سکن تھورپ (پ ر) دنیا دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکجا ہے اور چاہتی ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو، اقوام عالم کو ان عوامل کی جانب بھی دیکھنے کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کا سبب بنتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار محمد مطلوب انقلابی نے سکن تھورپ میں کشمیر فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ بے شمار ریاستیں وجود میں آرہی ہیں کیونکہ دنیا کا مفاداسی میں ہےاور عالمی امن اور جمہوریت کے علمبرداروں کو اسی طرح انسانیت کے مفاد کو بھی مقدم رکھنا چاہئے۔ انسانیت کا احترام ہونا چاہئے اور جمہوریت کے نام نہاد پرچاروں کو جمہوری اصولوں اور حقوق کا احترام کرتےہوئے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دینا چاہئے۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے سکن تھورپ کے ممبر آف پارلیمنٹ مسٹر نک ڈنکن نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر مزید عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ فورم کے روحرواں نارتھ لنکا شائر کے کونسلر حق نواز نے کہا کہ فورم کا انعقاد نازک گجر، بزرگ رہنما حاجی رفیق، اسرار حسین، ڈاکٹر عزیز کھٹانہ کی ذاتی کاوشوں کا ثمر ہے جس کی وجہ سے اس کا انعقاد ممکن ہوا اور ایک بڑے مسئلے کوبین الاقوامی کمیونٹی تک پہنچانے میں مدد ملی۔ حق نواز کھٹاریہ نے کہا کہ فورم کا مقصد کشمیریوں کی روز افزوں بگڑتی ہوئی صورتحال اور خطے کی پُرتشدد صورتحال پر دنیا کی توجہ مبذول کرانا تھا اور ایک بڑے مسئلے کو اجاگر کرنے اور کمیونٹی تک پہنچانے میں مددملی۔ فورم میں لیبر، ٹوری کے کونسلرز، ممبرز آف پارلیمنٹ، ہائوس آف لیڈی مسز لز ریڈفرن اور مقامی رہنمائوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔