گڈانی:بحری جہاز میں دھماکے، جاں بحق افراد کی تعداد18ہوگئی

November 02, 2016

گڈانی شپ یارڈ میں تباہ شدہ جہاز سے مزید6لاشیں نکال لی گئیں، حادثے میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد18 ہوگئی۔ کئی گھنٹوں بعد بھی جہاز سے بلند ہونے شعلے ٹھنڈے نہیں ہوسکے ہیں۔

تباہ ہونے والے کروڈ آئل سے بھرے ناکارہ بحری جہاز میں دور سے ہی نظر آنے والے شعلے اب تک کئی قیمتی جانیں نگل چکے ہیں۔

گزشتہ روز گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں لائے گئے ناکارہ بحری جہاز پر مزدور، گیس کٹر کے ذریعے جہاز کے مختلف حصوں کو توڑنے میں مصروف تھے کہ وقفے وقفے سے دھماکے شروع ہوگئے۔ دھماکوں سے لوہے کی چادریں مزدوروں پر آگریں اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

دوسری جانب کراچی سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں گڈانی پہنچ گئی ہیں، تینوں زونز کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کےانچارجز نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا۔

انچارچ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکےکی نوعیت اوروجوہات جاننےکی کوشش کی جارہی ہے۔