پاکستانیوں کا بھارت میں داخلہ بند،بھارتی کھلاڑی کا کراچی میں استقبال

December 02, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کی تنگ دلی اور تعصب جبکہ پاکستان کی مہمان نوازی کی ایک اور مثال جمعرات کو دنیا نے دیکھ لی۔ بھارت نے جہاں پاکستانی کھلاڑیوں کو بائیکاٹ کررکھا ہے، اور جونیئر ہاکی ٹیم کو ویزے جاری نہ کرکے ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم کردیا دوسری جانب کراچی میں پاکستانی ٹینس حکام نے بھارت کے کھلاڑی نریش کھتری کا استقبال کرکے وسیع القلبی کا ثبوت پیش کیا۔ جیم خانہ آئی ٹی ایف سینئر ٹینس چیمپئن شپ جمعرات سے کراچی جیم خانہ میں شروع ہوگئی جس میں بھارتی ٹینس کھلاڑی نریش کھتری بھی شریک ہیں۔ پہلے روز مردوں کے انفرادی مقابلے میں محمد ڈاڈا نے سید حسین، نعمان آفتاب نے محمد اسامہ ، خالد نذر نے حسیب اسماعیل ، آصف علی نے عبداللہ، صمد سلیم نے عبداللہ خٹک، ونود داس نے احمد حسن ، پربت کمار نے بلال علی، محمد زاہد نے وقاص کمار، روبن داس نے ذیشان احمدجبکہ انڈر 13 میں محمد فاروق نے ورشا خان ، انڈر 17 میں حسن فاروق نے شبیر محمد، اسامہ احمد نے بلال عمران اور صاحبزادہ مبین نے سید عون دین کو شکست دی۔