صرف ایک سیاسی جماعت کا احتساب ناانصافی ہے،ڈاکٹر شاہدعتیق

December 02, 2016

ہڈرزفیلڈ (زاہد مرزا)سابق ممبر قومی اسمبلی اور معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر شاہد عتیق نے کہا کہ قوم نوازشریف کا نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کا بھی احتساب چاہتی ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی عوام کے سامنے آسکے، ایک جماعت کا احتساب سراسر ناانصافی ہے، پاکستان پر سب سے زیادہ حکمرانی کرنے والی یہی دو جماعتوں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان روانگی سے قبل نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو چاہئے کہ پہلے اپنے والد کو احتساب کیلئے پیش کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو عدالت عظمیٰ پر مکمل اعتماد کرنا چاہئے اور جب کیس عدالت میں ہو تو مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو چاہئے کہ ایک دوسرے پر تنقید نہ کریںاس حوالے سےعدالت عظمیٰ کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد ہے اور ہم پاناما معاملے میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کا احتساب چاہتے ہیں اور پاناما معاملے میں سب کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے ہم حکومت اور اپوزیشن کا بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں۔ احتساب کیلئے ایسا کمیشن بننا چاہئے جس میں تمام متعلقہ ادارے اس کے ماتحت ہوں اورکمیشن بلاتفریق معاملے کی شفاف تحقیقات کرے۔ انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ عدالت پر اعتماد کریں اور دھرنے سے گریز کریں۔