تھرمیں نومبر کے دوران 43 بچے انتقال کرگئے

December 02, 2016

تھر کے صحرا میں غذائیت کی کمی اور دیگر امراض کے باعث گزشتہ ماہ 43اور رواں سال مجموعی طور پر 442بچے انتقال کرچکے ہیں ۔

محکمہ صحت تھر کے مطابق نومبر میں ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں 43 بچےانتقال کرگئے جبکہ 11ماہ میں یہ تعداد 442 ہے۔انتقال ہونےوالے تمام بچوں کی عمریں پانچ سال سےکم جبکہ اکثریت نوزائیدہ ہے۔

رواں سال 670بچے ایسے بھی ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں کراچی و حیدرآباد کے اسپتالوں میں علاج کے لئے منتقل کیا گیا۔

ڈی ایچ او ڈاکٹر چندر گورمانی کا دعویٰ ہے کہ سول اسپتال مٹھی سمیت تمام اسپتالوں میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ادویات و عملہ بھی موجود ہے۔