ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ ،ایشیائی ترقیاتی بینک 21ارب 60کروڑ روپےقرض دیگا، معاہدے پر دستخط

December 03, 2016

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بنک 21ارب 60کروڑ روپے ( 20کروڑ ڈالر ) قرض اور آسٹریلیا 36کروڑ روپے ( 45لاکھ آسٹریلین ڈالر ) کی گرانٹ دے گا ، اس حوالے سے جمعہ کو تقریب میں معاہدوں پر دستخط ہوئے ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس موقع پر موجود تھے ، اس فنڈ کا مقصد پاکستان میں قدرتی آفات کے خطرے میں کمی لانا ، قدرتی آفات سے بچائو کیلئے حکمت عملی مرتب کر نا اور آلا ت کی فراہمی ، دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں سپورٹ کرنا اور اہم سرکاری انفراسٹرکچر کی بحالی و تعمیر نو کرنا شامل ہے ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ 3ارب ڈالر کے سرمائے سےقائم کیا گیا جس میں سے ایک ارب ڈالر ایشیائی ترقیاتی بنک پانچ اقساط میں فراہم کرے گاجس میں سے 20کروڑ ڈالر کی قرضے کی پہلی قسط کی فراہمی کیلئےمعاہدے پر جمعہ کو دستخط ہوئے، آسٹریلیا کی حکومت بھی اس کیلئے گرانٹ فراہم کرے گی ، اے ڈی بی اور آسٹریلیا کے علاوہ ناروے ، بلجئیم اور سوئیٹزرلینڈنے بھی فنڈ کو امداد کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ، اس موقع پر وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بنک اور آسٹریلیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معاہدے سے مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔نہوں نے کہا کہ اس عظیم کام میں ترقیاتی شراکت داروں کی شمولیت دنیا کے دیگر اداروں کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی اور پاکستان کی قدرتی آفا ت کی تباہ کاریوں کیخلاف پاکستان کی کوششوں میں تقویت کا باعث بنے گی۔