ویلنگٹن ٹیسٹ، ٹام لیتھم کے 177 رنز، میچ ڈرا کی جانب گامزن

January 16, 2017

ویلنگٹن( جنگ نیوز) ویلنگٹن ٹیسٹ کے چوتھے رو اتوار کوز نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 539 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ٹام لیتھم نے 177 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز بنا لئے اور اسے 122 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 292 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 119 اور ہینری نکولس 35 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ہینری نکولس چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 53 رنز بناکر شکیب الحسن کا نشانہ بنے۔ 366 کے مجموعی ا سکور پر نیوزی لینڈ کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب کولن ڈی گرینڈ ہوم 14 رنز بناکر سبھاش رائے کا نشانہ بن گئے۔ ٹام لیتھم نے 177 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے، انہیں شکیب الحسن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، بی جے واٹلنگ 49 ، ٹم ساؤدی ایک اور نیل ویگنر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم 56 رنز خسارے کے ساتھ 539 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ قمر السلام ربی نے تین جبکہ محمود اللہ، شکیب الحسن اور سبھاش رائے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز بنا لئے اور اسے 122 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ تمیم اقبال 25، محمد اللہ پانچ اور مہدی حسن مرزا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔