پاک سرزمین پارٹی عام انتخابات میں کسی جماعت سے اتحاد نہیں کرے گی، رضا ہارون

January 16, 2017

اولڈہم (آصف مغل) ہم قومیت، لسانیت اور صوبائیت کی سیاست نہیں کریں گے۔ الیکشن کون جیتتا ہے اور کون ہارتا ہے اس سے غرض نہیں، ہم نے پاکستان کے لئے ایک سوچ اور فکر دی ہے فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کسی سیاسی جماعت سے عام انتخابات میں اتحاد نہیں کرے گی۔ اپنے منشور کے مطابق ملک بھر سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انتخابی نتائج کے بعد حالات و واقعات کے مطابق دوسری جماعتوں سے بات چیت کے دروازے کھلے رکھیں گے۔ اس وقت پاکستان میں سب اچھا نہیں ہے، سب سے بڑا مسئلہ خارجہ پالیسی یا دہشت گردی نہیں بلکہ بنیادی مسائل و مشکلات کی دلدل میں پھنسی ہوئی عوام ہیں جو پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری الطاف شاہد سدھو کی جانب سے نئے سال کی آمد کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رضا ہارون نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی سے شہید ہونے والے ایک تو دوسری جانب تھر کے علاقہ میں43.7فیصد کم عمر بچوں کی تعداد عمر، قد، وزن اور ذہنی و جسمانی لحاظ سے کمزور ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ حاملہ مائوں کو پینے کا صاف پانی اور غذائیت سے بھرپور خوراک کا دستیاب نہ ہونا ہے حالانکہ پاکستان خوراک میں خودکفیل ملک ہے۔ پاکستان کے قدرتی وسائل لامحدود ہیں صرف ان کا استعمال صحیح نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی بنیاد رکھتے وقت عہد کیا تھا کہ عوام سے جھوٹ نہیں بولیں گے۔ بلند و بانگ دعوے اور سبز باغ نہیں دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے لئے ہمیں اپنے حصہ کی شمع جلانا ہوگی۔ کراچی شہر میں ایسے شخص کے خلاف حق و سچ کی آواز بلند کی ہے جس کا نام سن کر لوگ خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔ رضا ہارون نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں مقامی حکومتیں اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن ہمارے ہاں سپریم کورٹ فیصلہ صادر کرتی ہے تو بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں وگرنہ صوبائی و مرکزی حکومتیں ٹس سے مس نہیں ہوتیں۔ پچھلے اٹھارہ برس سے مردم شماری نہیں ہو سکی ذمہ دار کون ہے۔ تین، تین مرتبہ اقتدار میں رہنے والے پھر عوام سے ووٹ لینے کے لئے پرتول رہے ہیں لیکن اب عوام کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جمہوریت میں ووٹ تو عوام ڈالتی ہے لیکن پاکستان میں امیدوار گنتی کرنے والوں کی کمال مہارت سے جیتتا ہے۔ تقریب سے ہائوس آف لارڈ کے رکن لارڈ نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے تمام شعبہ جات میں جس طرح جامع پالیسی دی ہے یہی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان ذوالفقار علی بھٹو شہید کا نعرہ تھا لیکن اب پی پی پی کا نعرہ مختلف ہے جس کی وجہ سے سندھ کی حالت ابتر ہے۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ جو جماعت بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سچے جذبہ سے کام کرے گی وہ اس کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر یورپین پارلیمنٹ کے ممبر افضل خان نے کہا کہ دنیا میں جغرافیائی اعتبار سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ پاکستان اس وقت نازک وقت سے گزر رہا ہے انہیں ہر لحاظ سے بڑی احتیاط سے کام لینا ہوگا۔ ملک کے اندر بنیادی مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ تقریب کے میزبان پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری الطاف شاہد نے کہا کہ ہمارے دل ہمیشہ پاکستان کے لئے دھڑکتے ہیں۔ بیرون ملک بسنے والوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل ہونے چاہئیں۔ ہمیں نہ صرف ووٹ کا حق ملنا چاہئے بلکہ تارکین وطن کو قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی نمائندگی ملنی چاہئے۔ سابق میئر اولڈہم کونسلر عتیق الرحمٰن نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے کراچی میں غاصبانہ طاقتوں کو چیلنج کیا ہے جو کہ قابل تحسین اقدام ہے۔ تقریب سے سابق میئر اولڈہم کونسلر فدا حسین، ڈاکٹر سرور خان، سید عمران رضوی نے بھی خطاب کیا۔ زبیدہ خانم نے اپنا کلام پیش کیا۔ تلاوت کلام اور نعت رسولﷺ مقبول کی سعادت نویدالرحمٰن نے حاصل کی۔ تقریب میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔