پھول ……

February 14, 2017

’’مجھے پھولوں کی خوش بو سے نفرت ہے۔‘‘
میں نے راج مستری کو بتایا۔
’’میرے مکان کی کیاری مٹا دو۔
گملے اٹھا کر لے جاؤ۔
کچے صحن کو پختہ کر دو۔
یہاں آئندہ سبزہ نہ ملے،
پھول نہ کھلے،
خوش بو نہ آئے۔‘‘
راج مستری چار مزدور لایا،
چار دن میں مکان تیار کر دیا۔
پانچویں دن میں نے دیکھا،
پتھر میں سے ایک پودا پھوٹ رہا تھا۔
’’تم نے کام ٹھیک نہیں کیا۔‘‘
میں نے ناراضی کا اظہار کیا۔
مستری نے ہنس کر کہا،
’’صاحب! محبت اور خوش بو کو باندھا نہیں جاسکتا۔
جتنا روکیں، اتنا پھیلتی ہے۔‘‘