پنجاب میں رینجرز کو تلاشی اور گرفتاری کے اختیارات دینے کا فیصلہ کرلیا گیا

February 21, 2017

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں میزبان نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کی تمام کارروائیوں کے تانے بانے افغانستان سے جڑ رہے ہیں،پاکستان کی طرف سے سرحد پار کارروائیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں تمام فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے لوگ شامل رہے ہیں، کومبنگ آپریشنز اور مشکل جگہوں پر کارروائیوں کیلئے پولیس اور سی ٹی ڈی کو رینجرز کی مدد حاصل رہی ہے، پنجاب میں کومبنگ آپریشنزکا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے، کومبنگ آپریشنز کو مزید موثر و مربوط بنانے کیلئے رینجرز کی مدد حاصل کی جارہی ہے، رینجرز کو پہلے رینجرز ایکٹ آرٹیکل 7اور 10جبکہ اے ٹی اے کے سیکشن فور کے تحت بلایا جاتا تھا اب اس میں سیکشن فائیو بھی شامل کیا جارہا ہے تاکہ رینجرز کو تلاشی اور گرفتاری کے اختیارات بھی مل جائیں۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کوئی تنظیم کسی جگہ بھی دہشتگر د ی کی مرتکب ہوتی ہے تو وہ دہشتگرد ہے، ایسی کسی بھی تنظیم کیخلاف فورسز کارروائی کریں گی، پنجاب میں فورسز کو دہشتگرد ی کیخلاف کارروائی کا بھرپور اختیار ہوگا، دہشتگرد و ں کو پنجاب سے مقامی طورپر سہولت کار نہیں مل سکے ہیں، گلشن اقبال دہشتگردی میں تمام دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا تعلق مہمند ایجنسی یا افغانستان سے تھاجبکہ، حالیہ لاہور حملے میں شریک لوگوں کا تعلق بھی باجوڑ ایجنسی یا افغانستان سے ہے۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کے خلاف کوئی مواد ہمارے علم میں نہیں ہے، آزادی کشمیر سے متعلق حافظ سعید کا موقف ریاست پاکستان کی پالیسی سے مختلف ہے۔