لاہور:سروسز اسپتال میں اینٹی کرپشن کاچھاپا،ینگ ڈاکٹرزکا احتجاج

February 21, 2017

لاہورسروسز اسپتال میں اینٹی کرپشن اہلکاروں کے چھاپے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔ڈاکٹرز نے پنجاب بھر کے اسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام بندکرنے کا اعلان کیا اور اینٹی کرپشن اہلکاروں کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اینٹی کرپشن اہلکاروں نے 2 ڈاکٹروں کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تھا۔

سروسز اسپتال کے ڈاکٹر جو اس وقت سراپا احتجاج بن گئے جب اینٹی کرپشن کے کچھ اہلکاروں نے کرپشن کے الزامات میں مطلوب ڈاکٹر عاطف اور نعمان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی ۔ینگ ڈاکٹرز نےمتعلقہ حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سروسز اسپتال میں کام بند کردیا۔

ڈاکٹرز کا مؤقف تھا کہ اینٹی کرپشن اہلکاروں نے ڈاکٹر عاطف پر تشدد کیا اور زبردستی انہیں اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی ۔اینٹی کرپشن کا عملہ مطلوبہ ڈاکٹر کو ساتھ تو نہ لے جا سکا لیکن وائی ڈی اے کے ڈاکٹرز کو ہڑتال کا موقع دے گئے۔

اینٹی کرپشن کے عملے نے متعلقہ تھانے میں سروسز اسپتال کے ڈاکٹرز کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور عملے پر تشدد کرنے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی ہے ۔ڈاکٹرز کا کہنا ہےکہ بغیر وارنٹ کے کچھ افراد کا آنا اور ڈاکٹرز کوتشدد کا نشانہ بنانا انتقامی کارروائی ہے ۔

وائی ڈی اے پنجاب کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر التمش کا کہنا ہے کہ آج شام ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا جنرل اجلاس بلایا جائے گا جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ہو گا۔