جرمنی : باویریا میں عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی

February 22, 2017

جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کی کابینہ نے مخصوص عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب لگانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب اس صوبے میں مسلم خواتین پورے چہرے کا نقاب استعمال نہیں کر سکیں گی۔

صوبے باویریا میں دائیں بازو کی جانب جھکاؤ رکھنے والی قدامت پسند جماعت کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کی حکومت ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ یوآخم ہیرمان نے کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ مکمل نقاب کیے ہوئے یا برقعہ پہنے ہوئے خواتین عوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور لوگوں کے ساتھ میل جول میں بھی رکاوٹ ہیں۔

اس مسودہ قانون کے مطابق صوبے باویریا کے شہری اداروں، یونیورسٹیوں، اسکولوں، کنڈر گارٹنز اور عوامی سلامتی کے شعبوں اور انتخابات کے دوران خواتین اپنے چہروں کو مکمل طور پر نہیں چھپا سکیں گی۔ اس قانون کی پارلیمان سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔