سپریم کورٹ کے فیصلے نے علم و ترقی کے نئے دروازے کھول دئے،چوہدری لیاقت

February 24, 2017

کھوئی رٹہ(نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری لیاقت نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آ ف آزاد کشمیر نے تعلیمی پیکج کے حوالہ سے تاریخی فیصلہ دے کر پیپلز پارٹی کو عوام کی عدالت میں سرخرو کر دیا ہے تعلیمی پیکج کی بحالی کے بعد طلباء و طالبات کو گھر کی دہلیز پر تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ان تعلیمی داروں کو ڈی گریڈ کر کے جو علم دشمنی کا ثبو ت دیا آج ان کو منہ کی کھانا پڑی تاریخی فیصلہ علم و ترقی کے نئے دروازے کھول کر ہزاروں طلباء و طالبات کو ذہنی سکون مہیا کر ے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قانونی ٹیم اور اس کیس کو عدالت عظمیٰ تک لے جانے کی جدوجہد میں شامل ساتھیوں بالخصوص سابق وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر ، سابق وزراء حکومت چوہدری محمد یاسین ، محمد مطلوب انقلابی ، میاں عبدالوحیدو دیگر تمام رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، عوام کے حقوق کی جنگ میں کوئی سودا بازی نہیں کر ینگے، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق کی محافظ رہی ہے۔