کوئٹہ میں بارش و ژالہ باری، سردی کی شدت میں اضافہ

March 16, 2017

وادی کوئٹہ اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، کبھی ہلکی تو کبھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور کچھ دیر کے لیے ژالہ باری بھی ہوئی اور ساتھ پہاڑوں پربرف بھی پڑی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کےمختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کاسلسلہ آئندہ 24گھنٹوں کےدوران بھی جاری رہے گا۔

گذشتہ 24گھنٹوں میں وادی میں 20ملی میٹر سےزائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ برفباری اور بارش کےبعد وادی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

وادی کوئٹہ میں رم جھم برسات کا نیا سلسلہ منگل کے روز شام کو شروع ہواتھا ،جو وقفے وقفے سے رات بھر اور آج بھی جاری رہا۔ کبھی بارش کا یہ سلسلہ کچھ دیر کے لیے تھما بھی تو وادی کے نیلگوں افق پر چھائے ابر سے بھرے سرمئی بادل وادی کے چارسو پہاڑوں سے آنکھ مچولی کھیلتے رہے۔

دوسری جانب رات گئےاور صبح ہوئی برفباری سے وادی کےاردگرد پہاڑوں کی چوٹیوں نے ایک بار پھر برف کی چادر اوڑھ لی، جبکہ شہر میں اس دوران ہلکی ژالہ باری بھی ہوئی۔ ابر برسا تو وادی کے افق پر ماحول نکھرنکھر گیا۔

وادی زیارت اورگردونواح میں بھی ایک فٹ سے زائد برفباری ہوئی، جس سے زیارت کاکوئٹہ اورسنجاوی اور نواحی علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔