میرا راجپوت کی ورکنگ ویمن پر تنقید، شاہد کپور کی صفائیاں

March 20, 2017

ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک) کئی بار ہم کسی موضوع پر رائے دیتے ہوئے یہ بھول جاتے ہیں یا اس بات کا احساس ہی نہیں کرتے کہ ہم جس بات کو غلط یا نامناسب سمجھتے ہیں وہی بات کسی دوسرے کے لیے مناسب یا صحیح ہو سکتی ہے۔ایسا ہی کچھ شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ بھی ہوا۔ ’یوم خواتین‘ کے موقع پر انھوں نے کام نہ کرنے کے اپنے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کافی کچھ کہہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچہ کوئی ʼپپی یا ʼپلہ نہیں ہوتا جس کے ساتھ ہم دن کا ایک گھنٹہ گزار کر کام پر چل پڑیں۔میرا کے مطابق وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنی بیٹی میشا کے ساتھ گزارنا چاہتی ہیں۔ یہ بات میرا کے لیے مناسب ہے لیکن بہت سی ورکنگ مدرز یعنی کام کرنے والی عورتوں کو میرا کی یہ بات سخت ناگوار گزری جو اپنے کام اور گھر کی ذمہ داریوں کو ایک ساتھ بخوبی نبھانے کی کوشش کرتی ہیں اور کچھ عورتوں کے لیے کام وقت گزارنے یا شوق کا سبب نہیں ہوتا اور جنھیں میرا کی طرح تمام آسائشیں بھی میسر نہیں ہیں یا پھر وہ خواتین کام جن کے لیے ایک مشن یا مقصد ہوتا ہے تاکہ ان کے بچوں کی بہتر پرورش اور تعلیم ہو سکے۔میرا کے اس بیان پر شدید تنقید کے بعد شاہد کپور نے ان کا دفاع کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ شاہد کا کہنا تھا کہ یہ میرا کی ذاتی رائے تھی اور ان کا مقصد کسی خاص طبقے یا شخص کی توہین کرنا نہیں تھا۔ جس طرح میرا کام نہیں کرنا چاہتیں اسی طرح شاہد کی سابق گرل فرینڈ کرینہ کپور اپنے بیٹے تیمور کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی کام پر نکل پڑیں۔ اب میرا کا اشارہ کس کی جانب تھا یہ تو پتہ نہیں لیکن بچے کے بعد کام کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہر عورت کے اپنے خود کے نظریے اور حالات پر منحصر کرتا ہے۔