تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے اقدامات

March 21, 2017

ایک مشہور چینی کہاوت ہے کہ ’’اگر تم دائمی ترقی کے خواہاں ہو تو تعلیم کی فصل کاشت کرو‘‘ مگر ہمارے یہاں پر ستر برس گزرنے کے باوجود ہمارے ملک کا تعلیمی معیار مسلسل زبوں حالی کا شکار ہے۔ ہماری حکومت اپنی قومی آمدنی میں تعلیم کیلئے بہت کم رقم مختص کرتی ہے جس کے باعث دیہی علاقوں میں بہت سے سرکاری سکول ابھی تک بجلی، چار دیواری، پینے کے صاف پانی اور عمارتوں سے محروم ہیں۔ اگر صرف سرکاری سکولوں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دی جائے تو تعلیمی صورتحال اتنی خراب نہیں ہو گی۔ پرائیویٹ سکول تو پیسے کمانے کی مشین بن چکے ہیں لیکن تعلیمی معیار اتنا تسلی بخش نہیں ہے۔ ہمارا تعلیمی معیار تب ہی بہتر ہو گا جب حکومت اسے اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے اور قابل عمل تعلیمی منصوبے بنائے جس سے عوام اور خواص دونوں فائدہ اٹھا سکیں۔ اگر سرکاری اور نجی ادارے مل کر تعلیم کی بہتری کی کوششیں کریں تو وہ وقت دور نہیں جب ہمارا تعلیمی معیار بھی دنیا کے دوسرے ترقی یافتہ ممالک کے برابر گردانا جائے گا۔ (صنم اسد)
sanam.asad72gmail.com

.