اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانتی مچلکے داخل، شرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت کی روبکار جاری

March 22, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صوبائی وزیر سندھ شرجیل میمن کی جانب سے 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی حفاظتی ضمانت کی روبکار جاری کر دی ہے۔ عدالتی فیصلے میں شرجیل میمن کو 4 اپریل تک ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ روز شرجیل میمن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانتی مچلکے داخل کرائے اور ابرار اور مکرم کی جائیدادوں کی دستاویزات مچلکوں کے ہمراہ جمع کروائیں۔ شرجیل میمن دوسرے روز بھی ضمانت کی روبکار جاری ہونے میں تاخیر پر خاصے پر یشا ن دکھائی دئیے اور عدالتی عملے سے استفسار کیا کہ کیا آج ہی ضمانت منظوری کی روبکار جاری ہوجائے گی جس پر عدالتی عملے نے جواب دیا کہ مچلکے جمع ہونے کے دس منٹ بعد روبکار جاری ہو جائے گی۔ پیر کو عدالتی فیصلے پر دستخط نہ ہونے کے باعث شرجیل میمن کو طویل انتظار کے بعد خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔