گوادر میں جیم خانے کی تعمیرکا 15فیصد کام مکمل

March 27, 2017

گوادر میں جیم خانے کی تعمیر کا 15فیصد کام مکمل ہوگیا ہے جبکہ باقی کام بہت تیزی سے جاری ہے ۔ اس پروجیکٹکی بدولت ناصرف مقامی آباد ی کو روز گار کے نئے مواقع ملیں گے بلکہ یہ سوشل کلب کے طور پر بھی استعمال ہوسکے گا جس کے ملکی معیشت پر انگنت فائدے مرتب ہوں گے ۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثنا ء اللہ زہری کا کہنا ہے کہ گوادر پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے لئے ممالک کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ ملکی و بین الاقوامی تجارتی مقاصد کے لئے یہاںدن رات کام جاری ہے جبکہ اس کی اہمیت کے پیش نظر یہاں ایک جیم خانہ بھی تعمیر کیا جارہا ہے۔

’گوادر جیم خانہ ‘گوادر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور مکران کوسٹل ہائی وے سے متصل نارتھ دربیلا کے مقام پر تعمیر کیاجارہا ہےجو سوشل کلب کا کام بھی دے گا۔ یہاں کھیل،تفریح اور فراغت کے لمحات گزارنے کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔

گوادر جیم خانہ کے آپریشنل منیجرشاہ میر نے جنگ سے بات چیت میںکہا کہ ’ جیم خانہ بلوچستان میںزیرِ تعمیر پہلا کلب ہے جس کا 15 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ پروجیکٹ کا کُل رقبہ 10 ایکڑ ہے۔اس میں موجود سہولیات میں جمنازیم،سوئمنگ پول،والی بال کورٹ،اسنوکر،باسکٹ بال کورٹ،اسکواش کورٹ،ٹینس کورٹ،سنی پلیکس سینما،لابرئیری،بیڈمنٹن، فوڈ کورٹ، بزنس میٹنگ ہال،آڈیٹوریم،ڈائننگ ہال،بچوں کے کھیلنے کی علیحدہ جگہ،منی مارٹ،بیکری،اسپا،باربر شاپ،خواتین کیلئے یوگا کلاسز،مفت وائی فائی اور اے ٹی ایم مشین شامل ہیں۔

گوادر جیم خانے کی جانب سےگزشتہ ہفتے کراچی میںملٹی میڈیا پریزنٹیشن بھی دی گئی جس کا مقصد پروجیکٹ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر گوادر جیم خانہ کے صدر احمد اقبال بلوچ نے کہا کہ گوادر جیم خانے کی بدولت مقامی آبادی کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔