کے ڈی اے، ایک پوسٹ پر 2سال سے تعینات ملازمین کو ہٹانے کا فیصلہ

March 28, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کے ڈی اے میں ایک ہی پوسٹ پر دو سال سے تعینات افسران و ملازمین کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ ایسے ملازمین جو دو سال سے زائد ایک ہی پوسٹ پر تعینات ہیں ان کی فہرست مرتب کرکے جامع رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ان افسران و ملازمین کو موجودہ عہدہ سے ہٹاکر متبادل عہدہ پر تعینات کیا جائے اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی قابل افسران وملازمین کی خدمات سے فائدہ اٹھاسکے جبکہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ماتحت تمام سائٹ آفسز اور فیلڈ آفسز کو ہیڈ آفس سوک سینٹر میں منتقل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوک سینٹر میں موجود اپنے دفتر میں کے ڈی اے افسران کو احکامات دیتے ہوئے کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے نے اس موقع پر کہا کہ دفتری آرڈر کے تحت کے ڈی اے ملازمین جو ایک عرصہ سے زائد ایک ہی عہدہ پر براجمان ہیں ان کی فہرست مرتب کی جائے گی ۔آرڈرکے تحت تمام سائٹ آفسز اور فیلڈ آفسز کو ہیڈ آفس سوک سینٹر منتقل کیا جائے گا تاکہ کے ڈی اے سائٹ آفسز اور فیلڈ آفسز ہیڈ آفس سوک سینٹر میں منتقل ہونے کے باعث باہمی روابط مضبوط اور شہریوں کو آسانی میسرآسکے ۔