شاباش، کرکٹ ٹیم

April 04, 2017

پاکستان نے چوتھے ٹی 20کرکٹ میچ میں عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو اسی کی سر زمین پر سات وکٹوں سے ہرا کر چار میچوں کی سیریز تین ایک سے جیت لی ہے۔ اتوار کو پورٹ آف اسپین کوئنز پارک کے اوول گرائونڈ میں کھیلے گئے آخری ٹی20میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے پا کستان نے اس کے جواب میں صرف تین وکٹوں پر125رنز کا ہدف پورا کر لیا۔حسن علی کو مین آف میچ قرار دیا گیا انہوں نے چار اوورز میں بارہ رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور دو اوورز میں کوئی رنز نہیں دیا۔ لیگ اسپنر شاداب خان کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ اس سیریز میں پاکستان کی نمایاں کارکردگی کے پیچھے بہترین ٹیم اسپرٹ دکھائی دیتی ہے نئے لڑکے حسن علی اور شاداب خان پاکستان سپر لیگ کی دریافت ہیں جو نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوئی ہے کچھ اور لڑکوں نے بھی پی ایس ایل میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی انہیں بھی موقع ملنا چاہئے تاکہ وہ اپنی اہلیت ثابت کر سکیں پاکستان کے گلی محلوں سے لیکر قومی سطح تک جس قدر کرکٹ کھیلی جا رہی ہے اور اس پر جتنی توجہ دی جا رہی ہے اس سے کرکٹ نے غیر سرکاری طور پر قومی کھیل کا درجہ حاصل کر لیا ہے حالانکہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے کسی دور میں قوم ہاکی کے جنون میں مبتلا تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ کھیل عدم توجہی کے باعث زوال کا شکار ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے تاکہ نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔ دہشت گردی کا خطرہ کم ہونے سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے لئے بھی حالات سازگار ہوتے جارہے ہیں۔ حکومت اور کرکٹ بورڈ کو غیر ملکی ٹیموں کو بلانے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ شائقین کو بڑے مقابلے دیکھنے اور کرکٹرز کو اپنی صلاحتیں آزمانے کا موقع مل سکے۔

.