سولجر بازار میں 1928ء سے قائم اسکول مسمار کرنا قابل مذمت ہے، نعیم الرحمٰن

April 11, 2017

کراچی ؍(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سولجر بازار میں 1928ء سے قائم اسکول کی عمارت کو پولیس اور بلڈرز مافیا کی ملی بھگت سے مسمار کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے ۔یہ صرف ایک ایس ایچ او کا کام نہیں ہو سکتا،صرف ایس ایچ او کو معطل کر کے معاملے کو ختم نہیں کیا جاسکتا،اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائے اور دیکھا جائے کہ کون کون سے محکمے ملوث ہیں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ،ایف آئی اے اور دیگر سر کاری اداروں اور محکموں کا کیا کردار ہے،ایسا نہیں ہونا چاہیئے کہ آج تو خبر گرم ہے تو مسئلے کو اُٹھایا جا رہا ہے بعد میں دبا دیا جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسکول کی منہدم عمارت کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا،انہوں نے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنمائوں کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا اور منہدم عمارت اور اسکول کے دیگر حصے کا جائزہ لیا،اس مو قع پر امیر ضلع شر قی یونس بارائی ،امیر جمشید زون نصیر اللہ حسینی ،پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما عبد الشکور اور دیگر بھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ یہ عمارت قومی ورثے میں شامل ہے اس کے باوجود اس کے ساتھ یہ رویہ رکھا گیا تو عام عمارتوں کا کیا حال ہوتا ہو گا اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔