شمالی وزیرستان، امریکی ڈرون حملہ، کالعدم تحریک طالبان کے 7 دہشت گردوں سمیت 10 ہلاک، امریکا کا تبصرے سے گریز

April 28, 2017

بنوں / میرانشاہ( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی ڈرون حملے میں کالعدم تحریک طالبان کے 7؍ دہشت گردوں سمیت 10؍ افراد ہلاک ہوگئے، امریکی جاسوس طیارے نے افغان سرحد کے قریب گائوں شنکئی نارئی میں کارروائی کی جس میں کالعدم تحریک طالبان کے رہنما اختر محمد کا ٹھکانہ نشانہ بنا ، سینئر کمانڈرز اختر محمد ، عبدالرحمٰن اور مقامی مزدور مرنے والوں میںشامل ہیں۔ رائٹرز کے مطابق ایک پاکستانی انٹیلی جنس افسر اور حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ امریکی ڈرون نے کیا تاہم امریکی حکام نے اس پر تبصرے سے گریز کیا ۔ مقامی قبائلی رہنمانے رائٹرز کو بتایا کہ اس نے پہاڑ پر قائم ایک گھر پر 2؍ میزائل گرتے دیکھے جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، میں ʼوہاں سے جس قدر دور جاسکتا تھا چلا گیا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں سال جنوری میں امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستانی سرزمین پر یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے میں امریکی ڈرون حملہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 7؍ جنگجوؤں سمیت 10؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق مرنے والوں میں طالبان کے سینئر کمانڈرز اختر محمد اور عبدالرحمن بھی شامل ہے۔ رائٹرز کے مطابق پاکستان کے افغانستان سے منسلک سرحدی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون کے حملے میں طالبان جنگجوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق گائوں شنکئی نارئی میں امریکی ڈرئون طیارے نے کالعدم تحریک طالبان اختر محمد گروپ کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور اس پر میزائیل داغے گئے۔خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں سال جنوری میں امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے گروپ شمالی وزیرستان طالبان کے ترجمان عبداللہ وزیرستانی کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون کے میزائل حملے میں 3 مزدور اور ٹی ٹی پی کے 7؍ جنگجو ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق قبائلی رہنما ملک وحید اللہ نے بتایا کہ انھوں نے پہاڑ پر قائم ایک مکان پر دو میزائل گرتے دیکھے جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی، میں ʼوہاں سے جس قدر دور جاسکتا تھا چلا گیا۔ٹی ٹی پی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک سینئر طالبان کمانڈر عبدالرحمن بھی شامل ہے۔ایک پاکستانی انٹیلی جنس افسر اور حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ امریکی ڈرون نے کیا۔تاہم امریکی حکام نے فوری طور پر حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ڈرون طیارے نے 2؍ میزائل داغے جن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمپائونڈ کو نشانہ بنایاگیا۔