وزیراعظم جے آئی ٹی میں اجمل پہاڑی کی طرح کھڑے ہونگے، افتخارچوہدری

April 30, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ)پاکستان جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو جب بھی موقع ملے گا وہ کوئی نہ کوئی این آر او کر کے ملک سے باہر چلے جائیں گے ،قانون کی بالادستی نہ ہوتی تو نواز شریف اور انکے ساتھی سپریم کورٹ پرکئی حملے کر چکے ہوتے، وزیراعظم جے آئی ٹی میں اجمل پہاڑی کی طرح کھڑے ہونگے، آج بانی ایم کیوایم کا ملک میں نام و نشان تک نہیں، وہ لندن میں منہ چھپائے بیٹھے اور ساتھیوں نے گروپ بنالیے۔ وہ سکھر ڈسٹرکٹ بار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔افتخار چوہدری نے کہا کہ وکلاء برادری نے ملک میں عدالتی نظام کو مضبوط اورمستحکم بنایا اور ہمیشہ کیلئے ملک میں مارشلا کا راستہ بند کیا ہے، 12 مئی کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، 12مئی کو ایک ڈکٹیٹرکی مدد سے کراچی میں دہشت گردی اور بربریت کا بازار گرم کیا گیا،12مئی کے واقعے کے بعد اللہ کا نظام دیکھیں کہ الطاف حسین جو کہ اپنے آپ کو طاقتور کہتا تھا،اس پر پاکستان کے ساتھ غداری کا کتنا بڑا الزام لگا وہ الزام نہیں بلکہ حقیقت ہے، آج لوگوں کے سامنے انکے صحیح چہرے نظر آرہے ہیں،اگر ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہوتی تومیاں نواز شریف اور انکی پارٹی اب تک کئی مرتبہ سپریم کورٹ پر حملہ کر چکی ہوتی، آج ان کو کوئی جگہ نہیں مل رہی کہ کس طرح وہ اپنی صفائی پیش کرے اس سے بڑھ کر کیا ناسمجھی کی دلیل ہو سکتی ہے کہ اسکے لوگ خود مقدمہ ہارجانے کے بعد شہر میں مٹھائیاں بانٹتے ہیں، شرم کا مقام ہے، ان لوگوں پر جنہیں اتنی سمجھ نہیں آتی کہ وہ مقدمہ ہارکر مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں۔