فرانس ،70ویں کانز فلم فیسٹیول کیلئے ریڈ کارپٹ بچھ گئے

May 16, 2017

دنیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ کل سے فرانس کے شہر کانز میں شروع ہونے جا رہا ہے اسی سلسلے میں کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے ستاروں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سترہویں سالانہ کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنی تمام تر جگمگاہٹ اور رعنائیوں کے ساتھ بس شروع ہونے کو ہے۔

ریڈ کارپٹ بجھا دئیے گئے ہیں، جیوری ممبران اور اداکاروں کی بڑی تعداد ہوٹل کا رُخ کر رہی ہے،ایوارڈ کی رونمائی بھی ہو گئی ہے جبکہ اداکاروں کے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرنے کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔

سب سے منفرد نظر آنے کی کوشش کرتی اداکارائیں نت نئے دلکش ملبوسات پہن کر ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہونے کیلئے بے تاب دکھائی دے رہی ہیں۔

اس سال بھی دنیا بھر سے سینکڑوں فنکار کانز فلم فیسٹیول میں شریک ہوں گے جبکہ بالی وڈ سے ایشوریہ رائے بچن، دپیکا پڈوکون، شروتی ہاسن، اے آر رحمان اورسونم کپور شرکت کریں گے۔

کانز فلم فیسٹیول 17مئی سے 28مئی تک جاری رہے گا جس میں کل 25فلموں کے درمیان کڑے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

فلم فیسٹیول میں ہر روز کسی نہ کسی فلم کا پریمیئر ہوگا اور اس کی فلم اسٹار کاسٹ اپنے مداحوں کے سامنے ہوگی۔

بارہ دن تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں اداکاروں، ہدایت کاروں اور موسیقاروں سمیت فلمز سے جڑے دیگر افراد بھی شریک ہوں گے جبکہ بہترین کام کرنے والے فنکاروں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا۔

پیرس میں فلم فیسٹیول کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ اداکاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔