عمران خان کا ’بلین ٹری منصوبہ‘ تباہی سے دو چار

May 17, 2017

ایاز اکبر یوسفزئی
عمران خان کا بلین ٹری منصوبہ لینڈ مافیا کے ہاتھوں تباہ ہونے لگا ہے ۔خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں مقامی اور تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی بااثر شخصیات نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے سینکڑوں درخت کاٹ دئیے ہیں ۔

ہری پور کے علاقے منکھیال میں درخت کاٹے جانے کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر اور سیکرٹری جنگلات بھی پراسرار طور پر خاموش ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے منکھیال میں زیر تعمیر ہاؤسنگ سوسائٹی میں تحریک انصاف ہری پور کے بااثر رہنماء بھی شراکت دار ہیں اور محکمہ جنگلات سے ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری زمین سے راستہ بنایا گیا ہے جس کے لیے سینکڑوں درختوں کو کاٹا گیا ہے ۔

درختوں اور پہاڑ کی کٹائی سے علاقے کا حسن بھی مانند پڑرہا ہے اور مقامی آبادی نے درختوں کی کٹائی کے اس سلسلے کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے بتایا کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہو گی ۔

ان کا کہنا تھا وہ منکھیال اور دندہ شاہ فیروز جا کر صورتحال کا خود جائزہ لیں گے ۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ’بلین ٹری منصوبے ‘کا آغاز منکھیال ہری پور سے ہی کیا تھا اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔