سعودی عرب:فوجی صنعت کیلئے نئی کمپنی کے قیام کا اعلان

May 19, 2017

کراچی(نیوزڈیسک) سعودی حکومت نے ’سعودی ملٹری انڈسٹریز‘ کے نام سے ایک نئی کمپنی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ملک میں فوجی مصنوعات کی تیاری کے لیے آزادانہ طور پر کام کرسکے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی مصنوعات کی تیاری کے لیے نئی کمپنی مملکت کے ’ویژن 2030ء‘ کا حصہ ہے، ملٹری انڈسٹری کمپنی کے قیام سے سعودی عرب فوجی سازو سامان کی تیاری اور عالمی معیار کے مطابق فوجی اشیاء بنانے میں خود کفیل ہوسکے گا۔پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی جانب سے دیگر محکموں کے ساتھ مل کر نئی فوجی انڈسٹری کمپنی کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ کمپنی کےقیام کے لیے ضروری تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ’ویژن 2030‘ پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی ملٹری انڈسٹری کو اگلے چند برسوں کے دوران فوجی سازو سامان تیار کرنے والی 25بین الاقوامی کمپنیوں میں شامل کرنا ہے، سعودی عرب پہلے بھی فوجی سامان کی تیاری میں اہم شریک رہا ہے مگر اب مقامی سطح پر فوجی صنعت کے فروغ کے ذریعے مملکت کو دنیا میں ایک نیا مقام دلانا ہے۔