اسٹیٹ بینک نے ترمیم شدہ فارن ایکسچینج مینوئل جاری کردیا

May 20, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان مجاز ڈیلرز (بینک)، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان، ٹریول ایجنٹس، کیرئیرز وغیرہ سمیت متعلقہ فریقوں کی سہولت کے لیے وقتاً فوقتاً فارن ایکسچینج مینوئل جاری کرتا رہتا ہے۔ اس کا آخری ورژن مئی 2016 میں جاری کیا گیا تھا۔2016 میں فارن ایکسچینج مینوئل کے اجرا کے بعد زر مبادلہ کے ضوابط میں کئی تبدیلیاں اور ترامیم کی گئی ہیں، اگرچہ ایف ای سرکلرز، سرکلر لیٹرز، نوٹیفکیشنز وغیرہ جن کے ذریعے یہ تبدیلیاں اور ترامیم کی گئیں اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ہیں، تاہم فارن ایکسچینج مینوئل میں بھی یہی ترامیم شامل کردی گئی ہیں تاکہ متعلقہ فریقوں کو ایک ہی دستاویز میں ضوابط/ ہدایات مل جائیں،چنانچہ فارن ایکسچینج مینوئل - 2017مورخہ 30 اپریل 2017 تک اپ ڈیٹڈ ہے اور اسے متعلقہ فریقوں کے لیے اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر رکھ دیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک توقع رکھتا ہے کہ اپ ڈیٹڈ مینوئل کے استعمال سے متعلقہ فریقوں کو زرمبادلہ کے کاروبار کے انتظام کے لیے موجودہ قواعد و ضوابط پر عمل پیرا ہونے میں مدد ملے گی۔