عالمی برادری کو کشمیریوں پر مظالم کا نوٹس لینا ہوگا، کمیونٹی رہنما

May 29, 2017

برمنگھم (ابرار مغل) رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے آغاز کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور تشدد میں اضافہ اور برہان وانی کے ساتھیوں کی شہادت پر اوورسیز کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے ایک بار پھر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اگر بھارتی مظالم اور بربریت کا عالمی برادری نے فوری نوٹس نہ لیا تو کشمیر کی یہ تحریک ایک عالمگیر تحریک کی شکل اختیار کرجائے گی۔ جس سے نہ صرف بھارت، بلکہ پوری دنیا کا امن تباہ و برباد ہوسکتا ہے۔ عالمی طاقتیں کشمیریوں کو اپنا بنیادی حق حاصل کرنے میں ساتھ دیں۔ برہان وانی کی شہادت سے لے کر آج تک سیکڑوں کشمیریوں نے اپنی جانیں پیش کرکے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جلا بخش دی ہے۔ کشمیر پی ٹی آئی مڈلینڈ کے چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، اقبالستان موومنٹ کے کنوینر و سابق صدر کشمیر رابطہ کمیٹی راجہ امجد خان نے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی بھارتی بربریت اور مظالم میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے، عالمی طاقتی اس مسئلہ کو سنجیدہ لے کر بھارتی مظالم اور بربریت بند کرانے کے لیے جدوجہد کریں۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری صاحبزاد محمد فاروق القادری، پی پی پی برطانیہ کے مرکزی رہنما حاجی محمد بشیر آرائیں نے بھی بھارتی مظالم اور بربریت پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مسلح فوج اس مقدس ماہ میں جان بوجھ کر کشمیریوں کے قتل عام اور مقدس مقامات کی بے حرمتی میں مصروف ہے۔ مظالم کی سیاہ رات جلد آزادی کا سویرا بن کر ختم ہونے والی ہے۔ کشمیر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما چوہدری غفور کھاڑک، پی ایس پی برطانیہ کے ترجمان مرزا فیصل محمود، مسلم لیگ (ن) برمنگھم کے سیکرٹری جنرل ملک فتح خان نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کے سامنے اب بھارتی مظالم اور بریریت زیادہ دیر تک چل نہیں سکتے ہیں۔ کشمیریوں کے عزم اور ولولے کو نصف صدی سے جاری مظالم سرد نہیں کرسکیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد پیدا صورتحال پر عالمی برادری کو نوٹس لینا ہوگا اور کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کا ساتھ دے کر مسئلہ کشمیر حل کروائیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) علما و مشائخ یوتھ ونگ مڈ لینڈ کے صدر صاحبزادہ پیر سید دلیر بادشاہ بخاری، جموں و کشمیر سنی حریت کونسل کے چیئرمین حافظ فضل احمد قادری، جامع مسجد رضا آسٹن کے صدر صوفی محمد ایوب قادری نے کہا کہ برکتوں اور رحمتوں کے اس مقدس ماہ میں بھارتی اور بربریت سے کشمیریوں کے جذبوں کو تقویت مل رہی ہے ہر روز کشمیر پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوکر ان مظالم کو بے نقاب کررہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی رہنما چوہدری اظہر محمود پی پی پی کے نوجوان رہنما راجہ امجد مظہر، کشمیر پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما چوہدری اسرار ضدی نے کہا کہ آزادی کی تحریکیں مظالم اور تشدد سے ابھر کر سامنے آتی ہیں۔ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت کو تسلیم نہیں کیا ہے اور نصف صدی سے زائد عرصے سے اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ اب کوئی طاقت بھی اس جدوجہد کو ختم نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ معروف سیاسی و سماجی شخصیت پہلوان چوہدری راسب آف سیاکھ لب ڈیم کے سابق کونسلر راجہ شوکت خان، لیبر پارٹی کونسلر و مسلم کانفرنس برطانیہ کے رہنما کونسلر محمد فاضل نے بھی حالیہ دنوں تشدد کی نئی لہر کی مذمت کرتے ہوئے امن کے عالمی ٹھیکیداروں کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی جانب کرواتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کروایا جائے۔ جے کے پی این پی برطانیہ کے صدر انعام الحق نومی، مسلم لیگ (ن) مڈ لینڈ کے سینئر نائب صدر محمد مشتاق مغل، پی پی پی کے مرکزی رہنما و سابق مشیر حکومت چوہدری منظور حسین نے ’’جنگ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی مظالم اور تشدد کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے برٹش کشمیری بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہے ہیں۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ مظلوم و محکوم کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔