G-20کانفرنس کے موقع پر مودی کیخلاف مظاہرے کا اعلان

May 29, 2017

لندن(جنگ نیوز)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے 8 جولائی کو جرمنی کے شہر ہمبرگ میں G-20کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے خلاف مظاہرے کا اعلان کر دیا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نےلندن میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ضروری اجازت نامے حاصل کرلئے گئے ہیں۔یورپ اور پوری دنیا میں کشمیری اس مظاہرے میں شریک ہو کر مودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کی مزمت کرکے دنیا بھر کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی طرف مبذول کرائیں۔G-20کانفرنس پر جب پوری دنیا کی توجہ اس طرف مبذول ہو گی اس موقع پر کشمیری جرمنی کے شہر ہمبرگ میں جمع ہو کر مودی کو بے نقاب کریں گے اس موقع پر چوہدری حکمداد، میزبان چوہدری فاروق، چوہدری ماجد اسماعیل، چوہدری دلپذیر، کائونٹی کونسل کے ممبر چوہدری اللہ دتہ ، سلائو سے چوہدری خورشید، چوہدری محفوظ، چوہدری مجید، چوہدری عارف،حافظ اسلم، چوہدری عارف جنیالوی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری اس مظاہرے میں شرکت کرکے مودی نواز گٹھ جوڑاور تقسیم کشمیر نامنظور کردیں۔میں کئی دفعہ عالمی عدالت انصاف میں گیا لیکن مجھے یہ کہا گیا کہ یہاں پر صرف کوئی ممبر ملک ہی کیس لا سکتا ہے اب بھارت کی طرف سے اس کیس کو عالمی عدالت میں لے جانے کے بعد یہ راستہ کھل گیا ہے کہ بھارت اگراپنے ایک جاسوس کا کیس عالمی عدالت میں لے جا سکتا ہے تو حکومت پاکستان کا کشمیریوں کا کیس عالمی عدالت انصاف میں لے کر نہ جانا ایک مجرمانہ غفلت ہو گی۔لہٰذا پاکستان کشمیریوں کا کیس عالمی عدالت انصاف میں لے کر جائے۔