مسجد نبوی ﷺ میں ہزاروں روزہ داروں کا اعتکاف

June 19, 2017

مدینہ منورہ (جنگ نیوز) مسجد نبوی ﷺ مسجد میں اس بار ماہ صیام کے آخری عشرے میں 13؍ ہزار 575؍ روزہ دار اعتکاف کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی میں معتکفین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ مسجد نبوی ﷺ کے امور کی نگراں ایجنسی کے شعبہ ابواب کے ڈائریکٹر سعود الصاعدی نے بتایا کہ مسجد نبوی میں اعتکاف کے لیے تین مقامات مختص کیے گئے ہیں۔ معتکفین حضرات کی مسجد میں آمد ورفت کیلئے باب العقیق ، باب عمربن خطاب اورمشرق کی سمت میں باب ابی زرقم اور خواتین کے لیے مغرب کی سمت میں باب 13مختص کیے گئے ہیں۔ اعتکاف کی رجسٹریشن کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔ تمام معتکفین کیلئے نو نکاتی ضابطہ اخلاق مقرر کیا گیا ہے جس میں مسجد نبوی ﷺ کی صفائی کا خیال رکھنا، نمازیوں کو پریشان نہ کرنا، عید کی رات نماز عشاء کے فوری بعد اعتکاف ختم کرنا، قرآن کیلئے مختص الماریوں پر کپڑے نہ لٹکانا، کھڑکیوں پر جوتے اور دیگر سامان رکھنے سے گریز کرنا، جوتوں کے بکس صفوں کے درمیان نہ رکھنا، نماز تہجد کے دوران صفوں کے درمیان سونے یا بیٹھنے سے گریز کرنا اور متعلقہ حکام کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر من وعن عمل کرنا جیسے ضوابط شامل ہیں۔