افغانستان میں امن کا فائدہ پاکستان کوہوگا الزام تراشیاں بند کی جائیں،اعزاز چوہدری

June 20, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں امن کا فائدہ افغانستان کے بعد سب سے زیادہ پاکستان کو ہوگا،تاہم ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے اور افغان حکومت کو بھی ایسے بیانات دینے والوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے جبکہ امریکہ میں افغان سفیر ڈاکٹر حمد اللہ محب نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کی ایک بڑی وجہ بیرونی عناصر بھی ہیں۔

پیر کو واشنگٹن میں قیام امن کے موضوع پر ہونے والے ایک مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں مل کر امن واستحکام قائم کرسکتے ہیں اس کے لئے باہمی تعاون اور اعتماد کی فضاکی بنیادی ضرورت ہے۔

اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ خطے میں استحکام کے لئے پاکستان ہرمیکنزم پر عمل کرنے کے لئے تیار ہے اور ہر اس اقدام کی حمایت کرے گا جو افغانستان میں وہاں کے عوام کی مرضی سے کیا جائے گا۔ افغان سفیر ڈاکٹر حمد اللہ محب کا کہنا تھا کہ حالات و واقعات نے یہ بات ثابت کیا ہے کہ بہت سی بیرونی طاقتیں افغانستان میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث ہیں۔