فیس بک کی جانب سے خواتین کے لئے ایک گڈ نیوز

June 23, 2017

کیا آپ کا شمار بھی ان خواتین میں ہوتا ہے جو’فیس بک ‘پروفائل پر اپنی تصاویر اپ لوڈ کرنے سے گھبراتی ہیں۔۔؟؟ ہاں۔۔۔ تو اب ہوجائیے ہر خوف سےبے خوف۔
جی ہاں دنیا کی سب سے مقبول سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے بھارت میں خواتین کی پروفائل سیکورٹی کے لئے ایک نیا فیچر متعارف کروادیا ہے ۔

اس کے تحت آپ کی پروفائل تصاویر کو کوئی ڈاؤن لوڈ نہیںکرپائے گا۔ اس نئے فیچر کے ذریعے تصاویر کو شیئر بھی نہیں کیا جاسکے گا ۔

بھارت میں سوشل میڈیا کی جانب سےکی گئی ایک تحقیق کے ذریعے بھارتی خواتین میں پائے جانے والے خوف کا انکشاف ہوا جس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ فیس بک پروفائل پر اپنی تصاویر اپ لوڈ کرنے کے سلسلے میں عدم تحفظ کا شکار ہیں کیونکہ ان تصاویر کا استعمال غلط مقاصدکے لئے کیا جانے لگا ہے۔

اس کے بعد فیس بک نے بھارت میں ایک ایسے پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی فرد آپ کی پروفائل تصاویر تک رسائی حاصل نہیں کرسکے گا نہ ہی پروفائل کا اسکرین شارٹ لیا جاسکے گا ۔

فیس بک کا یہ نیا فیچر صارف کی پروفائل سیکورٹی کے طور پر تصویر پر نیلے رنگ کا بارڈر واضح کرے گا جبکہ تصویر کے گرد ایک ڈھال بھی قائم کرے گا جو کسی دوسرے فرد کو آپ کی تصویر کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیگ کرنے کی صلاحیت سے بھی محروم کردے گا ۔

مزید یہ کہ فیچر کے دوسرے ٹول کے ذریعے صارف کی پروفائل تصویر کی نقل بھی بنائی نہیں جاسکے گی۔

فیس بک انتظامیہ کے مطابق اس عدم تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئےفیس بک کا نیا فیچر جلد ہی دنیا کے تمام ممالک کے صارفین کے لئے متعارف کر دیا جائے گا ۔

فیس بک ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے فیچر کی سہولت مرد و خواتین دونوں کے لئے دستیاب ہے جس کے تحت خواتین کے ساتھ مرد حضرات بھی اپنی پروفائل تصویرکو سیکور کرسکیں گے۔