ایم کیو ایم پاکستان کو پی ایس 114میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے، پیپلزپارٹی

June 24, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پی ایس 114کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان جو دھاندلی کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتی وہ پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام لگا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نو گو ایریاز کے بانی ایم کیو ایم پاکستان ہے جو کہ کراچی شہرکے بچے بچے کو پتہ ہے۔ماضی میں کس نے نو گو ایریاز بنائے ہوئے تھے اور اپنے مخالفین کا وہاں داخلہ بند کیا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو پی ایس 114 میں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے ایم کیو ایم تلملا اٹھی ہے۔ انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایم کیو ایم کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد پی ایس 114میں کسی نئی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان نہیں کیا ہے اور اگر وہاں جو بھی کام ہورہے ہیں وہ الیکشن شیڈول کے اعلان سے بہت پہلے سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس ایم کیو ایم کے زیر اثر کے ایم سی اور ڈی ایم سی ایسٹ کے فنڈز کا ایم کیو ایم پاکستان پی ایس 114میں بے دریغ استعمال کررہی ہے اور میئر کراچی کا ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل سے ایک طرف الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئی ہے تو دوسری طرف کے ایم سی کے وسائل کا ضمنی الیکشن میں بے تحاشا استعمال کیا جارہا ہے۔ جبکہ ڈی ایم سی ایسٹ کے چیئرمین مستقل علاقے کے دورے کر کے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کررہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے کسی وزیر یا مشیر نے انتخابی حلقہ کا نہ تو دورہ کیا ہے نہ کسی کارنر میٹنگ سے خطاب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 9جولائی کو پی ایس 114کی عوام ایم کیو ایم کے تابوت میں آخری کیل ٹوک دینگے اورپاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی بڑی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے۔