برطانیہ میں چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

June 24, 2017

ویکفیلڈ (پ ر) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مرکزی رہنما اور جمعیۃ علما برطانیہ کے قائم مقام جنرل سیکرٹری مولانا اسلام علی شاہ نے کہا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی برائے برطانیہ و یورپ کا اجلاس عید کے چاند سے متعلق 24جون، بروز ہفتہ، بعد نماز عصر، ابوبکر مسجد بریڈ فورڈ میں جمعیۃ علما برطانیہ کے مرکزی امیر اور شریعت کونسل کے چیئرمین مولانا مفتی محمد اسلم کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں رویت ہلال کمیٹی کے رہنما، جمعیۃ علما برطانیہ، حزب العلما کے قائدین، دینی مراکز اور مساجد کمیٹیوں کے نمائندے بریڈ فورڈ، ویکفیلڈ، ڈیوز بری، باٹلے، ہڈرز فیلڈ، لیڈز اور گردونواح سے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اپنے فارمولے کے مطابق پہلے مقامی رویت پر انحصار کرتی ہے، اگر مقامی طور پر چاند نظر نہ آئے تو پھر سعودی رویت پر اعتماد کرکے اعلان کرتی ہے۔ لہٰذا اگر چاند کل برطانیہ، یورپ یا سعودی عرب میں نظر آگیا تو بروز اتوار کو عید ہوگی۔ اگر چاند نظر نہ آیا تو پھر پیر کے دن عید ہوگی۔ انہوں نے برطانیہ اور یورپ کے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے علاقوں میں مطلع صاف ہو تو مقامی طور پر رویت کا اہتمام کریں۔ چاند نظر آجاتا ہے تو مرکزی روییت ہلال کمیٹی کے رہنمائوں کو اطلاع دیں۔ انہوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فارمولے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے مقامی طور پر چاند دیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اگر مقامی طور پر چاند نظر نہ آئے تو پھر سعودی عرب کی رویت پر اعتماد کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی برطانیہ و یورپ کے لیے رمضان اور عیدین کے چاند کا اعلان کرتی ہے۔ باقی یہ ایک اجتہادی مسئلہ ہے، اگر کوئی دوسرے دن عید کرے تو کسی پرتنقید نہیں کرنی چاہئے بلکہ ایک دوسرے کے فارمولے کے مطابق عید کرنے والوں کا احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چاند کی اطلاع ان نمبروں پر دی جاسکتی ہے۔ 07966348845, 07989505088, 07877561009, 07780 465348۔